ویرات کوہلی کا انوکھا دیوانہ، ملاقات کے لیے 64ہزار روپے خرچ کردیے

 

بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی کے ایک مداح نے ان سے ملنے کے لیے 23ہزار بھارتی روپے (تقریباً 64ہزار پاکستانی روپے) خرچ کر ڈالے۔ انڈیا ٹائمز کے مطابق ویرات کوہلی کے اس مداح کا نام راہول رائے ہے اور وہ بھارتی ریاست آسام کا رہائشی ہے۔ گزشتہ دنوں ویرات کوہلی ساؤتھ افریقہ کے خلاف سیریز کے دوسرے ٹی 20میچ کے لیے بھارت کے شہر گواہٹی پہنچے۔

راہول رائے کو علم تھا کہ ٹیم لوک پریا گوپی ناتھ بورڈولوئی ایئرپورٹ پر اترے گی، چنانچہ وہ اس امید کے ساتھ ایئرپورٹ پر چلا گیا کہ وہاں ویرات کوہلی سے ملاقات ہو جائے گی۔تاہم وہ اس میں ناکام رہا۔ اس پرراہول نے اسی ہوٹل میں کمرہ بک کروا لیا جہاں ٹیم ٹھہری ہوئی تھی۔ یہاں اسے کمرہ 23ہزار 400روپے فی رات کرائے پر ملا۔ اس نے اتنی رقم تو خرچ کر دی مگر اس کی امید بر آئی اور ہوٹل میں اس کی ویرات کوہلی کے ساتھ ملاقات ہوگئی۔ اس نے ویرات کوہلی کے ساتھ ایک سیلفی بنائی اور اسے سوشل میڈیا پر پوسٹ کرتے ہوئے اپنی تمام کہانی بھی سنائی کہ کس طرح وہ اپنے پسندیدہ کرکٹر سے ملنے میں کامیاب ہوا۔

Comments